سندھ کا ٹیکس فری بجٹ آج‘وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ پیش کریں گے

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ کا آئندہ مالی سال 2024۔ 25کا بجٹ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ آج جمعہ 14جون کی شام سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔سندھ کا 2024-25کا بجٹ ٹیکس فری جبکہ 50ارب خسارے پر مشتمل ہوگا۔ سندھ بجٹ کا تخمینہ 3300ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 423ارب روپے جبکہ مجموعی طور پر ترقیاتی بجٹ 958ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سندھ کابینہ کا پری بجٹ اجلاس 14جون کو صبح 9بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری دی جائے گی، جس کے بعد وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔ سندھ بجٹ میں نئی ملازمتوں اور فرنیچر وغیرہ کے لئے 16ارب 80کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔پانچ ہزار نئی ملازمتوں میں 3ہزار اسامیاں محکمہ ایجوکیشن کی ہوں گی، نئے مالی سال میں غیرترقیاتی اخراجات کی مد میں 18کھرب 99ارب 40کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔غیرترقیاتی اخراجات میں تنخواہیں، پنشن، قرضوں کے سود، فرنیچر اور دیگر اشیا شامل ہیں جب کہ تعلیم پر 400ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔محکمہ صحت کے لئے 275ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، محکمہ بلدیات کے لئے 155ارب رکھنے کی تجویز ہے جب کہ امن و امان کی بحالی پر 170ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15سے 20فیصد اضافے جبکہ کم سے کم اجرت 35ہزار مقرر کرنے کی تجویز ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں 50ہزار سے زائد نئی بھرتیوں کا بھی اعلان کیا جائے گا جبکہ پہلے مرحلے میں 200گھروں کو سولر سسٹم دینے کی بھی تجویزہے۔نئے مالی سال میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے اور نئے منصوبے کم سے کم شروع کرنے کی تجویز ہے اور تعلیم، صحت، امن امان، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر اہم شعبوں کوبجٹ میں اہمیت دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن