لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سینئر وزیرپنجاب مریم اورنگزیب نے پنجاب کے بجٹ کو تاریخی قرار دے دیا۔ انہوں نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا وزیراعلی نے اپنی حکومت کے پہلے بجٹ میں کئی تاریخی ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔ پہلی بار پنجاب اپنے ذرائع سے ایک ہزار ارب روپے آمدن والا صوبہ بن گیا ہے۔ ریکارڈ بجٹ پیش کیاگیا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعلی مریم نوازشریف کو جاتا ہے۔ پنجاب کا سب سے بڑا 842 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کے لئے مطلوبہ رقوم بجٹ میں رکھ دی گئی ہیں جس سے منصوبے ریکارڈ رفتار سے مکمل ہوں گے کیونکہ فنڈنگ پہلے سے موجود ہے۔ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پروگرام کے آغاز کے باجود پہلی بار ٹیکس فری بجٹ دیا گیا ہے۔ کسانوں اور زراعت کے لئے 30 ارب روپے کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم شروع، کسانوں کو بلاسود قرض کے لئے10 ارب روپے سے سب سے بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ مال مویشیوں کی ترقی، برآمدات میں اضافے کے لئے پہلی بار 2 ارب روپے کی لاگت سے لائیوسٹاک فارمنگ کی سب سے بڑی سکیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ پنجاب کی ترقی کا سفر انشاء اللہ پھر سے شروع ہو رہا ہے۔ میڈیا ورکرز کے لئے وزیراعلیٰ نے ایک ارب کی ہیلتھ انشورنس کی خصوصی منظوری دی۔ ادھر وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کا 5647ارب کا ٹیکس فری بجٹ پیش کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی 77 سکیموں کے لئے رقم مختص کی گئی ہے۔ لاہور میں کینسر ہسپتال کی ایک سال میں اوپی ڈی شروع کر دی جائے گی۔ بجٹ میں سوشل سیکٹر کے لیے دو ارب مختص کئے گئے ہیں۔ صحافیوں کے لئے ایک ارب کا ہیلتھ پروگرام شروع کیا ہے۔ کسانوں کے لئے پروگرام شروع کیا گیا۔ ہتک عزت بل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس بل میں اصل صحافی کو اس سے خطرہ نہیں ہوگا بلکہ جو ڈالر کماتے ہیں اور ہتک کرتے ان کو اس سے ایشو ہوگا۔ احتجاج صحافی برادری کا آئینی حق ہے۔ اب کیس عدالت میں ہے ہمیں اس پر عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔
مریم نواز نے حکومت کے پہلے بجٹ میں ہی تاریخی ریکارڈ قائم کئے: مریم اورنگزیب
Jun 14, 2024