سری نگر(کے پی آئی) ضلع کپواڑہ سے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا پولیس نے نوجوان کو ضلع کے علاقے چک لدروان سے ایک ناکے پر گرفتار کیا۔پولیس نے نوجوان کی گرفتار ی کا جواز فراہم کرنے کیلئے اسے عسکریت پسندوں کا ساتھی قرار دینے کے علاوہ اسکے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارودبھی برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔جبکہ جنوبی کشمیر میں ایک اور کشمیری حریت پسند کا گھر بحق سرکار قرق کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ریاض احمد بٹ ساکن لوہار سینزی گڈول اننت ناگ کے دو منزلہ رہائشی مکان کو جمعرات کو ضبط کیا ہے۔ دوسری جانب ضلع ڈوڈہ میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کانسٹیبل ضلع ڈوڈہ کے علاوہ گنڈوہ میں کوٹہ ٹاپ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں زخمی ہوا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل و غارت گری اوربیگناہ لوگوں کی بلاجواز گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور وہ تنازعہ کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے حل کرنے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے۔