عیداجتماعات  میں فلسطینیوں کیساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے تمام خطباء، آئمہ اور مشائخ سے اپیل کی ہے کہ ملک بھر میں عیدالالضحیٰ کے تمام اجتماعات کو مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے۔ ہر عالمِ دین، خطیب و امام کا فرض ہے کہ وہ قربانی و حج کے فضائل، اسوہ ابراہیم اور اسوہ محمدی پر روشنی ڈالتے ہوئے آزادی فلسطین اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے مکمل اور بھرپور اظہارِ یکجہتی کا اہتمام کرے۔ وہ آج حرمین ٹاور گلبرگ میں آزادی فلسطین کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے انکے علاوہ تمام مکاتبِ کے علماء مولانا شعیب الرحمٰن قاسمی، میاں محمد اصغر، مولانا ضیاء الرحمن فاروقی، مولانا محمد عبداللّٰہ مدنی اور پروفیسر فیاض احمد سلفی نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے فلسطینی مجاہدین کی استقامت و عزیمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ، القدس اور پورے فلسطین کی آزادی نوشتہ دیوار ہے۔ 16 ہزار معصوم بچوں اور پینتیس ہزار مسلمانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انشاء اللہ منزل قریب ہے حق و صداقت کا پرچم بلند، عالمی ظلم و جبر اور نا انصافی کا خاتمہ ہو کر رہے گا۔ انہوں نے تمام اہل اسلام سے اپیل کی ہے کہ اللّٰہ کی راہ میں لاکھوں کی قربانیاں دینے والے ہر جگہ عیدگاہوں میں فلسطین کے جھنڈے لے جانے کا بھی اہتمام کریں اور مسلم حکمرانوں سے بے حسی اور غفلت کا مظاہرہ ختم کر کے غزہ اور رفاح کی مظلوم خواتین اور معصوم بچوں کی حمایت میں فوری موثر عملی اقدامات کا مطالبہ کر کے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ 

ای پیپر دی نیشن