مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز،لاکھوں عازمین منیٰ پہنچ گئے

پانچ روزہ مناسک حج کی ادائیگی کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا،حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ   ہفتے کو ہو گا ۔دنیا بھر سے 15 لاکھ عازمین حج کیلئے سعودی عرب پہنچے ہیں، جن میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین بھی فریضہ حج ادا کریں گے،لاکھوں عازمین منیٰ پہنچ گئے، ہفتہ کی صبح عازمین حج میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جو حج کا رکن اعظم ہے، میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر پڑھی جائیگی۔مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز اکٹھی پڑھیں گے جبکہ مزدلفہ میں ہی حجاج شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔حجاج کرام رات مزدلفہ میں ہی گزاریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ ساتھ عبادات بھی کریں گے۔اتوار کی صبح حجاج کرام کی منی میں واپسی ہوگی جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد وہ جانور قربان کر کے سنت ابراہیمی ادا کریں گے، اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جبکہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔حجاج کرام 16جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے، 17 جون بروز پیر کوحجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منی کی حدود سے نکل جائیں گے۔سعودی عرب میں عازمین حج کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔منی، مزدلفہ اور میدان عرفان میں 3بڑے فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ۔ خیمہ بستیوں میں مختلف مقامات پر ڈسپنسریاں بھی قائم کردی گئیں۔ موبائل ہیلتھ یونٹس بھی موجود رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن