کرکٹ ورلڈکپ دوہزار گیارہ کے سلسلے میں چٹاگانگ میں ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش ہالینڈ کو شکست دے کر گروپ بی میں چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے۔ ہالینڈ نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کارگر ثابت نہیں ہوا۔ ہالینڈ کی پہلی وکٹ اٹھائیس رنز پر گری جب بیریسی دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہالینڈ کا کوئی کھلاڑی بھی بنگلہ دیش کی باؤلنگ کا جم کر مقابلہ نہیں کرسکا اور چھیالیس اعشاریہ دو اوورز میں پوری ٹیم ایک سو ساٹھ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ریان ٹین تریپن رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عبدالرزاق نے تین جبکہ شکیب الحسن، روبیل حسین اور سہراوردی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بنگلہ دیش نے مقررہ ہدف اکتالیس اعشاریہ دو اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے امرالقیس تہتر رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹام کوپر نے دوجبکہ پیٹر اور مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔