بلوچستان میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت تخریب کاری کر رہے ہیں:امیرالعظیم


لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر، امیرالعظیم نے کوئٹہ میں ضلعی الیکشن کمشنر کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اس طرح کے واقعات بلوچستان میں آئندہ انتخابات کو ہائی جیک کرنے اور حالات خراب کرنے کے لئے بدشگون ہیں۔ انہوں نے کہا افسوس ہے جمہوری دور حکومت میں بلوچستان کا بحران حل ہونے کے بجائے شدت اختیار کر گیا۔ انہوں نے کہا خود وزیرداخلہ رحمان ملک بھی بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا اعتراف کر چکے ہیں جب کہ جماعت اسلامی عرصے سے کہہ رہی ہے کہ بلوچستان میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت تخریب کاری کر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود زرداری حکومت نے اس مسئلہ کے حل کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔ انہوں نے کہا بلوچستان کا امن وہی طاقتیں خراب کر رہی ہیں جو ایران گیس پائپ لائن کی مخالف ہیں اور جو ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرا رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن