ویٹی کن سٹی (نیٹ نیوز) ویٹی کن سٹی میں جمع 115 کارڈینلز نے بالآخر گزشتہ روز ارجنٹائن کے کارڈینل جارج ماریو برگوگلیو کو کیتھولک کلیسا کا 266 واں پوپ منتخب کر لیا جس کے بعد سسٹین چیپل پر نصب چمنی سے سفید دھواں نکلنے لگا اور چرچ کی گھنٹیاں بج اٹھیں جس کا مطلب تھا کہ نئے پوپ کا انتخاب ہوگیا۔ دھواں نکلتے ہی سینٹ پیٹرز سکوائر میں جمع ہزاروں مسیحی عقیدت مند خوشی سے جھوم اٹھے اور اپنی چھتریاں لہرانے لگے۔ نئے پوپ جارج ماریو اپنے دو مصاحبین کے ہمراہ سینٹ پیٹرز بیلسکا کی کھڑکی میں نمودار ہوئے اور عقیدت مندوں کو ہاتھ ہلا کر اپنا دیدار کرایا اپنے نئے مذہبی پیشوا کے سامنے پر مسیحی عقیدت خوشی سے جھومنے اور نعرے لگانے لگے۔ واضح رہے کہ ہزاروں مسیحی افراد نئے پوپ کا دیدار کرنے دنیا کے مختلف حصوں سے ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز سکوائر میں جمع ہوئے اور دو روز سے اس صبر آزما مرحلے کے ختم ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔ نئے پوپ کے انتخاب کے حوالے سے ویٹی کن سٹی انتظامیہ اور اٹلی کی حکومت نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے جبکہ سسیٹن چیپل میں ٹھہرائے گئے کارڈنیلز دو روز سے نئے پوپ کے لئے مختلف ناموں پر غوروخوض اور ووٹنگ کر رہے تھے معاملے پر زارداری برتنے کے لئے کارڈینلز کا رابطہ باقی دنیا سے منقطع رکھا گیا۔ اخبار پڑھنے، ٹی وی ریڈیو موبائل فون وغیرہ کے استعمال پر پابندی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پوپ بینی ڈکٹ نے خرابی صحت کا جواز بنا کر پاپائیت کی 6 سو سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ان کے دور میں بعض پادریوں کی طرف سے بچوں کے جنسی استحصال کے معاملات پر کیتھولک چرچ عالمی سکینڈل کی زد میں آ گیا تھا۔ نئے پوپ فرانسس نے عقیدت مندوں سے اپنے خطاب میں میں کہا کہ وہ پوپ منتخب کرنے پر تمام بشپس کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اپنے پیشرو پوپ بینی ڈکٹ کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کی راہ پر ڈالنا ہوگا۔
پوپ