لاہور(خصوصی نامہ نگار) بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے والے محب وطن پاکستانی آج بنگلہ دیشی حکومت و نام نہاد عدلیہ کے جبرکا شکار ہیں ، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں او رقتل و خون کا بازار گرم ہے، بنگلہ دیش میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے جبکہ دنیا تماشادیکھ رہی ہے، ترکی کا صدر مظالم رکوانے کے لیے بنگلہ دیش کو خط لکھ سکتاہے تو پاکستانی صدر کیوں نہیں؟ ٹریبونل کے صدر کا استعفیٰ اس بات کاثبوت ہے کہ کرائمز ٹریبونل ڈھکوسلا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اسلامی ممالک کے سربراہوں کو بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے خلاف حکومتی دہشتگردی رکوانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار سلامک لائرز موومنٹ کے زیر اہتمام ”وطن سے وفا قصور ہے میرا“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالغفار عزیز، ضیاءالدین انصاری، پیپلز پارٹی کے نوید چوہدری، اظہراقبال حسن، راجہ جاوید اقبال، ممتاز دانشور اوریا مقبول جان، چوہدری ذوالفقار علی، شفیق الرحمن اور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔