امریکی کمپاﺅنڈ : قومی سلامتی کمیٹی نے معاملہ سینٹ کمیٹی خزانہ کو بھجوا دیا

Mar 14, 2013

اسلام آباد (اے پی اے) پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا ہے کہ نگران حکومت پرویز مشرف کو وطن واپسی پر گرفتار کر لے، پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی نے کراچی ایئرپورٹ پر امریکی فوجی انجینئرز کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے ٹیکٹیکل کمانڈ آپریشن سنٹر کی تعمیر کا معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب بھیج دیا۔ کمیٹی نے وزیر خزانہ کی اجلاس سے غیر حاضری کا سخت نوٹس لیا، اس کے علاوہ کمیٹی نے گذشتہ ساڑھے چار برس میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے شائع شدہ دستاویزات ارکان میں ان کی رائے کے حصول کیلئے تقسیم کر دیں۔ سیکرٹری دفاع جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے کراچی ایئرپورٹ پر امریکی کمپاﺅنڈ کے قیام کے بارے میں قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ دی ہے۔ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکی فوجی انجینئرز کی جانب سے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک ٹیکٹیکل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی تعمیر کا معاملہ زیر غور آیا۔ کمیٹی نے اس سلسلے میں وزیر خزانہ اور سیکرٹری دفاع کو وضاحت کیلئے طلب کیا تھا تاہم وزیر خزانہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے انہوں نے پیغام بھجوایا کہ وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک ہیں تاہم کابینہ کے اجلاس کے اختتام کے باوجود وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ سیکرٹری دفاع نے اس حوالے سے کہا کہ وہ اپنے سابقہ م¶قف پر بدستور قائم ہیں کہ کراچی ایئرپورٹ پر امریکی کمپاﺅنڈ کے قیام کی اجازت نہیں دی تاہم یہ معاملہ اب قومی سلامتی کمیٹی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بھجوا دیا ہے‘ کمیٹی ساڑھے چار سال میں تمام نو گو ایریاز میں گئی۔ سویلین کی بالادستی ارتقائی عمل سے ممکن ہو گی۔ حالیہ دور ایک ابتدائی قدم ہے تاہم ساڑھے چار سال میں سویلین حکومت اور فوج کے تعلقات بہتر ہوئے۔ قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمان نے فوجی حکام کو جب بھی بلایا وہ حاضر ہوئے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار پارلیمان نے قوی سلامتی پر پالیسی ڈرافٹ تیار کیا ہے۔ وہ بدھ کو یہاں پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی 16 مارچ کو ختم ہو جائے گی جبکہ یہ نئی پارلیمان پر منحصر ہے کہ وہ قومی سلامتی کمیٹی کے حوالے سے کوئی خصوصی کمیٹی بناتی ہے یا نہیں۔ 

مزیدخبریں