خوشاب + کوئٹہ (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کوئٹہ ضیاءاللہ قاسمی کو ان کے آبائی شہر خوشاب میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ ریلوے گراﺅنڈ خوشاب میں ادا کی گئی ضلع بھر کی اہم سیاسی، سماجی شخصیات اور بیوروکریٹس نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں دتے والے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ انہوں نے ایک بیوہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑا ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں الیکشن کمشن کے عملہ نے ہڑتال کر دی واقعے کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن سٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان نے صوبے میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے الیکشن کمشنر کوئٹہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی ممبران کو تحفظ اور قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں عہدیدار کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے ممبران کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ضیاءاللہ قاسمی خوشاب میں سپرد خاک، کوئٹہ میں الیکشن کمشن عملہ کی ہڑتال
Mar 14, 2013