حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب بنک سکینڈل کے مرکزی ملزم ہمیش خان کے والد، سابق صوبائی وزیر صحت ہمایوں خان سمیت 10 افراد کے خلاف خواتین پر تشدد کرنے اور مکان گرانے کے الزام میں حافظ آباد کے تھانہ کسیسے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کیخلاف آٹھ دفعات 337F5، 337A1، 354، 427، 147، 109، 148، 149 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ کوٹ میراں کے ارشاد اللہ نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سابق صوبائی وزیر صحت ہمایوں خان کی ایماءپر اشتہاری ملزمان جابر خان، عامر خان، صفدر علی، شوکت علی اور نصراللہ وغیرہ نے اسکے گھر حملہ آور ہو کر اسکی بیوی جنت بی بی اور بیٹیوں پر تشدد کرتے ہوئے انہیں شدید زخمی کر دیا۔ ملزمان نے اسکے گھر پر قبضہ کیلئے گھر کا کچھ حصہ بھی مسمار کر دیا اور گھریلو سامان باہر پھینک دیا۔