”تبدیلی کوئی نہیں روک سکتا“ 23 مارچ کا جلسہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھے گا: عمران

Mar 14, 2013

لاہور (خبر نگار+ اے پی اے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 23 مارچ 2013ءکو مینار پاکستان میں ہونے والا تحریک انصاف کا جلسہ کرپٹ حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ تبدیلی کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ تبدیلی آ کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو مینار پاکستان پر تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی، یہ ”سونامی پلس“ ہو گا اور فیصلہ کن دن ہوگا جو ایسی جنگ کا آغاز ثابت ہوگا جو پاکستان کی قسمت کی تبدیلی کا فیصلہ کرےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی افضل سندھوں کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق ممبر ضلع کونسل بہاولنگر پیپلز پارٹی افتخار احمد بسرا، سابق جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) بہاولپور ذوالفقار علی بسرا، نائب صدر ضلع بار ماڈل ٹاﺅن لاہور چوہدری عرفان خان احمد بسرا، سابق نائب ناظم ڈاہرانوالہ گل نواز بسرا، ایڈوکیٹ ضیاءاللہ بسرا، عبدالواسع بسرا اور ایڈوکیٹ کلیم اللہ گورایہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ چیئرمین عمران خان نے شمولیت اختیار کرنے والے ممبران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کامیابی سے پارٹی انتخابات کے انعقاد سے نئے معیار قائم کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کےلئے یہ نہایت ضروری تھا کہ پارٹی میں سیاسی انقلاب لایا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں واحد جمہوری پارٹی بن سکے۔

مزیدخبریں