ملتان (آن لائن) تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کالا باغ ڈیم کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے اور پاکستان کے عوام کا اصل مسئلہ ہے، اس کے بغیر پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، تحریک انصاف ملتان کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم نہ بنا تو ملک کے مختلف حصوں سے چھوٹی قوموں والے اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے اور کالا باغ ڈیم بنانے کا مطالبہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم پنجاب کا نہیں جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے عوام کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کالا باغ ڈیم کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کا علاقہ متاثر ہورہا ہے کالا باغ ڈیم نہ تحریک انصاف بنا سکتی ہے اور نہ مسلم لیگ (ن) کیونکہ اس مسئلے کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے متنازعہ بنایا ہوا ہے اور کالا باغ ڈیم سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے لوگ ہی بنوائینگے۔ انہوں نے کہا آج جو ملک میں قحط سالی ہے خصوصاً تھر کے علاقے میں اس کی اصل وجہ پانی کا نہ ہونا ہے اور یہاں تو یہ حال ہے اسلام آباد میں ایم این اے ہاسٹل کا پانی بھی پینے کے قابل نہیں کوئی اور سکینڈل بنے نہ بنے یہ سکینڈل بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا ساری دنیا اس بات پر متفق ہورہی ہے آنے والی جنگیں پانی پر ہونگی ۔ انہوں نے کہا بھارت جنگ سے گریز کرے ہم بھی جنگ سے گریز کرینگے۔ دونوں ممالک کو چاہئے وہ عوام کے مسائل پر توجہ دیں انہوں نے کہا دنیا میں گلیشئر ختم ہوگئے ہیں صرف پاکستان میں ہمالیہ کاگلیشیئر موجود ہے جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں یہاں سیلاب آئینگے یا قحط آئے گا۔ انہوں نے کہا ملک کو بچانے کیلئے ایک کالا باغ ڈیم نہیں سو کالا باغ ڈیم بنانے ہونگے ورنہ سیلاب پاکستان کو ڈبو دینگے۔ انہوں نے کہا ملک میں شوگر مافیا قابض ہے میرے بس میں ہو تو ساری انڈسٹری بند کردوں۔ انہوں نے کہا ہمیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شوگر پر بھی سگریٹ کی طرح پابندی لگانا ہوگی۔ یہ واحد ملک ہے جس کے لیڈر ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور پھر واپس آکر اقتدار میں قابض ہوجاتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا ملتان کے سارے پیسے لاہور لگائے ہیں۔ ان کا بس چلے تو وہ ملتان سے دو منتخب ارکان اسمبلی شاہ محمود قریشی اور ہمارے مریدوں کے پیسے بھی لاہور لے جائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا آج نہیں تو کل تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔