اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناء نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربر اہ شیخ رشید آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرینگے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کی جانب سے مشروط طور پر استعفے کے اعلان کا امکان ہے، شیخ رشید نے ڈالر 99 پر آنے پر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ثناء نیوز کے مطابق شیخ رشید احمد آج اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں اہم اعلان متوقع ہے۔ ترجمان لال حویلی کے مطابق پریس کانفرنس میں شیخ رشید ملک کی مجموعی اقتصادی اور امن و امان کی صورتحال سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ ادھر ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ترقی حقیقی ہے تو حکومت پٹرول کی قیمت 10 روپے کم کرے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک اعشاریہ پانچ بلین ڈالر کی پراسرار رقم آئی ہے جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نہیں بتا سکتا کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا، کیوں کہ مجھے ملک عزیز ہے سیاست نہیں۔ علاوہ ازیں این این آئی کے مطابق شیخ رشید آج پریس کانفرنس کرینگے اور اس مناسبت سے یہ بحث جاری ہے کہ شیخ رشید استعفیٰ دیں گے یا نہیں۔