خیبرایجنسی+پشاور+نصیر آباد(نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں سے بمباری کی جس کے دوران 48 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جبکہ کئی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعہ کے روز سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس رپورٹ پر خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ سے ملحقہ ملا مہربان کلے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی کی اور جیٹ طیاروں سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 48 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کئی دہشت گرد زخمی ہوگئے جبکہ کئی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اورکالعدم لشکر اسلام سے بتایا جاتاہے۔ دوسری جانب ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 27 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں ٹل اور کرم ایجنسی سے سکیورٹی فورسز نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن سے 3 ریموٹ کنٹرول بم برآمد کئے گئے ہیں دہشت گردوں سے برآمد3 بم 75 کلو وزنی تھے۔ادھر پشاور میں چیک پوسٹ پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ حملہ آور کے فنگر پرنٹس تصدیق کیلئے نادرا کو بھجوا دئیے گئے۔ مقدمہ میں دہشت گردی اور قتل و اقدام قتل کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن میں 7 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں سے 80 کلوگرام دھماکہ خیز مواد‘ مارٹر گولے‘ راکٹ لانچر اور گولیاں برآمد کرلیں۔
وادی تیراہ: جیٹ طیاروں کی بمباری سے48 دہشت گرد ہلاک، کئی زخمی حالت میں گرفتار
Mar 14, 2015