لاہور(خبر نگار)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے جیسی قابل ، ایماندار، مخلص، محب وطن اور فرض شناس قیادت تیار کر لی ہے جو انکی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انکی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔پاکستان میں چاروں مارشل لاء سیاستدانوں کی ناکامیوں اور اپنی لڑائیوں کی وجہ سے لگے۔ مستقبل میں طالبان کی پاکستان اور افغانستان کے ساتھ صلح کے نتیجے میں دہشت گردی بالکل ختم ہو جائیگی ۔ان خیالات کا اظہار ایس ایم ظفر نے ٹیک سوسائٹی کلب میں ہونیوالے پاکستان ویژنری فورم کے 52 اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں جسٹس (ر) شریف حسین بخاری، زرعی سائنسدان ڈاکٹر محمد صادق، سابق وزیر مملکت قیوم نظامی ، سابق ڈی جی انٹیلی جنس بیورو میجر (ر) شبیر احمد، ڈاکٹر حسیب اللہ، انجینئیر محمود الرحمن چغتائی ، انجینئیر عبد المجید خان، علینہ ٹوانہ، سلمان عابد، جمیل گشکوری، یعقوب چودھری، ڈاکٹر اکرام کوشل، پروفیسر مشکور احمد اور عزیز الرحمن میاں نے بھی اظہار خیال کیا۔ ایس ایم ظفر نے کہا کہ نیب کی اہمیت کو کم کرنے کیلئے ایک اور ادارے کو اس پر مسلط کرنے کیلئے قانون سازی کی کوششیں کی جائینگی بالکل غلط اقدام ہوگا۔ قومیں اپنے پختہ ارادوں کی وجہ سے کامیاب ہوتی ہیں اور جنرل راحیل شریف ایسے ہی پختہ ارادوں کے مالک جرنیل ہیں۔