سلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کمپنیز بل 2016 ءکے مسودے پر شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں ممکنہ طور پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کو ملانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفر حجازی نے وفاقی وزیر کو کمپنیز بل 2016ء کے اہم نکات سے آگاہ کیا اور کہا کہ سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان نے تمام شراکت داروں کے ساتھ اس حوالے سے مشاورت کی ہے تاکہ ان کی تجاویز کو بھی شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایف پی سی سی آئی اور آئی سی اے پی کے ساتھ، مشاورتی نشست اور راﺅنڈ ٹیبل منعقد کئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد بل کے مسودے میں مشاورتی عمل کے دوران آنے والی تجاویز کی روشنی میں ترمیم کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک سیمینار کا اہتمام کیا جائے اس میں تمام فریقین اور شراکت داروں کو مدعو کیا جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے کمپنیز بل کے مسودے پر مشاورتی عمل کے لئے سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں چیمبر آف کامرس، ایف پی سی سی آئی اور آئی سی اے پی کو شریک کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے پاکستان کیپٹل مارکیٹ کو مورگن سٹین لے کیپٹل انٹرنیشنل سے ملانے کیلئے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
اوزیر خزانہ کو سٹاک مارکیٹ کو مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل سے ملانے سے متعلق بریفنگ
Mar 14, 2016