اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ چودھری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات ۔ پاک برطانیہ تعلقات اور برطانوی ہوم سیکرٹری کے متوقع دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو بھارت سے متعلق پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ برطانوی ہوم سیکرٹری کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ دوطرفہ تعاون کا مضبوط اور مربوط نظام رائج کیا جائے۔ تھامس ڈریو نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے پشاور پاسپورٹ آفس میں توسیع کے لئے افغان شہریوں کے رش کا نوٹس لیتے ہوئے بنوں‘ سوات‘ ایبٹ آباد اور مردان پاسپورٹ آفسز میں ویزا توسیع کی سہولت کی ہدایت کردی۔ چودھری نثارعلی نے ہدایت کی کہ ویزا افغان شہریوں کو کسی وقت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پاسپورٹ دفاتر سے کسی قسم کے رش کی شکایت موصول نہ ملے۔علاوہ ازیں چوہدری نثار سے گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی، وزیر داخلہ نے گورنر سندھ کو انکی تعیناتی پر مبارکباددی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ اور خصوصا کراچی میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری اقدامات اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہاکہ یہ آپریشن 2013میں وفاقی حکومت کی ہدایت پر شروع کیا گیا اور اب اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ شہر ِ قائد کا امن تمام سیاسی قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں خود احتسابی کے عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے نہ صرف جرائم پیشہ افراد کے لئے اپنے دروازے مستقل طور پر بند کر دیں۔