اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی پاک فوج کی خصوصی پریڈ میں رواں برس پہلی بار دوست ملک چین کے فوجی دستے اور ترکی کے ملٹری بینڈز بھی شامل ہوں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان دونوں ممالک سے شرکت کرنے والے خصوصی دستے پریڈ کا حصہ ہوں گے اور اس کی رونق میں اضافہ کریں گے۔ خیال رہے 23 مارچ کی خصوصی پریڈ کے حوالے سے افواج پاکستان کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، ہر سال کی طرح اس برس بھی پریڈ کا انعقاد اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہو گا جبکہ چینی فوجی دستے اور ترکی ملٹری بینڈ کی شرکت کے باعث اس برس کی پریڈ خاص اہمیت کی حامل ہو گی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی ریہرسل جاری ہے، ریہرسل میں فضائیہ کے لڑاکا طیارے اور گن شپ ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا۔دوسری طرف 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ پریڈ گرائونڈ کے قریب واقع 5 مدرسے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 17 سے 23 مارچ تک پریڈ گرائونڈ کے چار کلومیٹر تک ہائی الرٹ رہے گا۔ مدارس کو 17 سے 23 مارچ تک بند رکھا جائیگا۔ پریڈ گرائونڈ کے اطراف فوج، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی مارگلہ کی پہاڑیوں پر مختلف مقامات پر سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے پریڈ گرائونڈ کے قریب کچنار پارک میں بھی سکیورٹی فورسز تعینات رہیں گی پریڈ گرائونڈ کے اطراف 8 ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جائیگی۔ پریڈ کیلئے 21 مارچ کو عوام کیلئے ٹریفک پلان جاری کیا جائیگا۔