اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے اجلاس میں جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) اورمرکزی جمعیت اہلحدیث نے بائیکاٹ کر دیا جس کے باعث مرکزی قیادت کا چناؤموخر ہوگیا۔ایم ایم اے کا آئندہ کا سربراہی اجلاس 20مارچ کو کراچی میں ہو گا۔ اسلام آباد، پشاور، کراچی، لاہور سمیت دیگر شہروں میں عوامی کنونشنز منعقد کیے جائیںگے۔ رابطہ عوام مہم کے شیڈول کا اعلان سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس منگل کو دوسرے روزبھی جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اقامت گاہ پر ہوا۔ ملکی صورتحال، سینٹ کے انتخابات کے نتائج اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔مولانا فضل الرحمان ، سینیٹر سراج الحق، علامہ ساجد علی نقوی، مولانا عبدالغفور حیدری ، لیاقت بلوچ، وفاقی وزیر اکرم خان درانی، ، علامہ عارف واحدی اور دیگر نے شرکت کی جے یو پی کے رہنما اپنی پارٹی کے سپریم کونسل کے چیئرمین کی ہمشیرہ کے جنازے میں شرکت کی وجہ سے اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما جماعتی اور نجی مصروفیات کے باعث شریک نہ ہو سکے۔ دونوں جماعتوں کے رہنما پیر کو اجلاس میں شریک تھے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے رہنمائوں سے دوران اجلاس رابطے رہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جے یو پی کے ساتھ مشاورت میں طے پایا کہ آئندہ مجلس عمل کا سربراہی اجلاس 20مارچ کو کراچی میں ہو گا۔ واضح رہے کہ پیر کے روز اجلاس کے دوران فضل الرحمن سلیم مانڈوی والا کو ملنے چلے گئے تھے جس سے میزبان کے چلے جانے پر رہنما ناراض ہوئے تاہم جے یو آئی ف کے ترجمان نے کہا کہ مولانا رہنمائوں سے اجازت لے کر گئے تھے۔
متحدہ مجلس عمل
کراچی (رپورٹ: قمر خان) متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے ٹھیک 90روز بعد بالآخر اس کے عہدوں کی تقسیم کا فارمولا طے پا گیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان کراچی میں 20مارچ کو ہونیوالے اجلاس میں کیا جائیگا ۔اطلا عات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن متحدہ مجلس عمل کی بھی قیادت کریں گے جبکہ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ ایم ایم اے کے بھی سیکریٹری جنرل ہونگے۔ اجلاس میں طے پایا کہ جمعیت علمائے پاکستان کو سینئر نائب صدارت دی جائیگی جس کیلئے پیر اعجاز ہاشمی مضبوط امیدوار ہیں جبکہ سیکریٹری نشرواشاعت کا عہدہ جے یوپی (نورانی) یا جمعیت اہلحدیث کو دیا جائیگا۔اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے اعلان کی طرح اسکے عہدیداروں کے اعلان کیلئے بھی کراچی میں پریس کانفرنس طلب کئے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
جے یو پی نورانی اور جمعیت اہلحدیث کا بائیکاٹ، مجلس عمل قیادت کا انتخاب پھر موخر
Mar 14, 2018