نیب: پرویزاشرف‘ شجاعت سمیت اہم شخصیات کیخلاف تحقیقات میں تیزی لانے کا فیصلہ

لاہور (میاں علی افضل سے ) نیب نے سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف اور چودھری شجاعت سمیت اہم شخصیات کے خلا ف جاری تحقیقات جلد مکمل کرنے کیلئے حکمت عملی بنا لی ان تمام افراد پر 6 مختلف کیسز چل رہے ہیں۔ علیم خان کی جانب سے معا ملہ عدالت میں لیجانے سے فیصلہ میں تاخیر ہورہی ہے جس پر نیب کی جانب سے تمام ثبوت اکٹھے کرکے جلد عدالت میں جمع کرائے جائیں گے ۔ نیب ترجمان کا کہنا ہے کسی کے پریشر میں نہیں آئیں گے میرٹ پر تحقیقات کریں گے تمام کیسز جلد مکمل کرلئے جائیں گے ذرائع سے معلوم ہوا ہے نیب کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان، سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت، پرویزالٰہی، مونس الٰہی اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف تحقیقات میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے علیم خان کے خلاف نیب میں آف شور کمپنی اور پارک ویو سوسائٹی سے متعلق کیس چل رہے ہیں آف شور کمپنی کے کیس میں علیم خان نیب میں پیش ہوتے رہے ہیں جبکہ پارک ویو سوسائٹی کے حوالے سے عدالت سے نیب کے آرڈر کینسل کروالئے ہیں جس پر نیب نے حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارک ویو سوسائٹی کے حوالے سے عدالت سے علیم خان کی نیب میں پیشی کو یقینی بنانے کے لئے ثبوتوں پر مبنی رپورٹ تیار کی ہے جو آئندہ پیشی پر عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے اس کیساتھ آف شور کمپنی کے حوالے سے مونس الٰہی اور آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے پر شجاعت اور پرویزالٰہی کے خلاف کیسوں کی تحقیقات میں تیزی لائی جائے گی جبکہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور اور مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتی کے دو کیسز کی تحقیقات میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ان کیسوں کی انکوائری کو آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا اور رپورٹ ڈی جی نیب کو بھجوائی جائے گی جس کے بعد مزید فیصلے کئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن