اسلام آباد (نیشن رپورٹ) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 2012ء میں این آر او کیس میں سزا کیخلاف نظرثانی اپیل مسترد کر دی۔ سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا تھا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سابق وزیراعظم کی نظرثانی درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے مقدمہ کی پیروی نہ کرنے اور 186 روز تاخیر کے باعث درخواست دیئے جانے پر معاملے کو ناقابل سماعت قرار دیتے گیلانی کی اپیل مسترد کردی۔ واضح رہے کہ نظرثانی درخواست فیصلے کے 30 روز کے اندر دائر کرنا ضروری ہے لیکن یوسف رضا گیلانی نے فروری 2013ء میں اپنی سزا کے 223 دن بعد نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی۔