سیالکوٹ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے چہرے پر سیاہی پھینکنے والے فیاض الرسول کو نقص امن عامہ کے تحت تیس روزہ حراستی حکم (ڈی ٹینشن آرڈر) پر جیل بھیج دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ اسد سرفراز خان نے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ دی تھی کہ فیاض الرسول نجی محفلوں میں اشتعال انگیز باتیں کرتا ہے جو مذہبی ہم آہنگی اور پر امن ماحول کیلئے نقصان دہ ہے، جس پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے نقص امن عامہ کی دفعہ 3ایم پی او کے تحت فیاض الرسول کے تیس روزہ ڈی ٹینشن آرڈر جاری کر دیئے۔ فیاض الرسول کو انتہائی سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ 10مارچ کو مرے کالج روڈ پر ہونے والے ورکرز کنونشن میں فیاض الرسول نے خواجہ محمد آصف کے چہرے پر سیاہی پھینکی تھی اور بعد ازاں اسی ورکرز کنونشن میں خواجہ محمد آصف نے اسے معاف کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔