کوئٹہ (بیورو رپورٹ) جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سینٹ میں تو ’’صادق‘‘ آگیا اگر ’’وہ‘‘ چاہیں گے تو قومی اسمبلی میں بھی’’امین‘‘ آئیگا اس طرح’’صادق و امین‘‘ کے حوالے سے آئینی تقاضا پورا ہوگا، اللہ نہ کرے قومی اسمبلی میں دوبارہ کوئی’’میر جعفر‘‘ آئے۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا ’’ایوان بالا‘‘ کو بجٹ پاس کرنے کا اختیار ہوتا تو نہ صرف بلوچستان، کے پی کے بلکہ سندھ کو بھی فائدہ ہوتا اگر سینٹ کا انتخاب براہ راست ہو تو ’’زر‘‘ اور ’’زردار‘‘ کا عمل و دخل نہیں رہیگا۔ شہباز شریف کے صدر منتخب ہونے کے بعد ’’ن‘‘ لیگ اب مسلم لیگ’’ش‘‘ بن چکی ہے اور لگتا ہے’’شہباز‘‘ کے آنے کے بعد’’نواز‘‘ جلد ’’پرواز‘‘ کریں گے اور ماضی کے’’جان نثار‘‘ چوہدری نثار ’’فعال‘‘ ہوسکتے ہیں اس طرح شہباز اور نثار کی ’’پارٹنرشپ‘‘ اپنی مفاہمتی و مذاکراتی اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں۔