رائے ونڈ (نامہ نگار) سول ہسپتال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے نتیجہ میں غریب بھٹہ مزدور کی بیوی نے بچے کو گھر کے باتھ روم میں جنم دیدیا، بھچوکی پھاٹک کے قریب بھولا بھٹہ خشت پر کام کرنے والا یوسف مسیح اپنی بیوی ندا بی بی کو سول ہسپتال لیکر آیا تو موجود لیڈی ڈاکٹر ثمرہ نے کہا کہ اس کے پیپرز ہو رہے ہیں اس لئے اس کے پاس ڈلیوری کرنے کا ٹائم نہیں اور مریضہ کو چیک کئے بغیر واپس لوٹا دیا، جبکہ دیگر عملہ نے کہا کہ ابھی ڈلیوری کا وقت نہیں آیا، جس پر بھٹہ مزدور بیوی کو گھر واپس لے آیا اس دوران وہ واش روم میں گئی تو وہیں پر بچہ پیدا ہوگیا، ہنگامی طور پر زچہ بچہ کو دوبارہ ہسپتال لیجایا گیا مگر عملہ کو پھر بھی رحم نہ آیا اور ان کو طبی امداد دئیے بغیر لوٹا دیا، زچہ بچہ تشویش ناک حالت میں خاندان سمیت بے یارومدرگار سراپا احتجاج بن گئے، لیکن ہسپتال عملہ کے کانوں پر جوں نہ رینگی، اس وقت زچہ بچہ بھٹہ پر اپنے کوارٹر میں تشویشناک حالت میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور انکوائری ٹیم تشکیل دیدی ہے۔