پاکستان سپر لیگ : اسلام آباد یونائیٹڈ پلے آف مرحلہ میں پہنچ گئی ، ملتان سلطانز ڈینجر زون میں داخل

Mar 14, 2018

لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 25ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کوشکست دے کر پلے آف مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ملتان سلطانز ڈینجر زون میں داخل ہو گئی ہے ۔ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے جین پال ڈومینی اور لیوک رونچی نے ٹیم کو 46رنز کا آغاز فراہم کیا‘ ڈومینی چھ رنزبناکر رن آؤٹ ہو گئے۔ پہلا میچ کھیلنے والے انگلینڈ کے ایلکس ہیلز اور رونچی نے سکور کو 91 تک پہنچا دیا، رونچی 36 گیندوں پر 58 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ہیلز 46 کے انفرادی سکور پرچلتے بنے ۔حسین طلعت نے 36 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں پر 185 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ عمر گل نے دو عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز ابتداسے ہی مشکلات کا شکار ہو گئی جب دو کے مجموعی سکور پر دو وکٹیں گر گئیں ۔ بیس رنز پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔ کمارسنگاکار ایک‘احمد شہزاد تین ‘سیف بدر صفر ‘صہیب مقصود تیرہ ‘شعیب ملک بارہ ‘وائٹلی گیارہ ‘سہیل تنویر دس ‘عمر گل دس ‘محمد عرفان صفر ‘کیرن پولارڈ 73 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔پورٹی ٹیم 19.1اوورز میں 152رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ۔ سمیت پٹیل ‘فہیم اشرف ‘عماد بٹ اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ رونچی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ بارہ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے جبکہ دو میچ باقی ہیں ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے دو میچ باقی ‘کراچی کنگز نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ‘دو میچ باقی ‘ملتان سلطانز نو پوانٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہے جبکہ کوئی میچ باقی نہیںہے ۔ ملتان سلطانز ڈینجر زون میں داخل ہو گئی ہے ۔ پشاور زلمی چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے اگر اس نے باقی دونوں میچ جیت لئے ملتان سلطانز باہو جائیگی ۔ کراچی کنگز دونوںمیچ ہاری تو فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔لاہور قلندرز پہلے ہی باہر ہوچکی ہے ۔

مزیدخبریں