انڈسٹری کی ترقی کیلئے ون ونڈو سہولت سنٹر کا آغاز کیا جائے: ایف پی سی سی آئی

Mar 14, 2018

لاہور( کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ کاروبار اور انڈسٹری کی ترقی اور کاروبار کرنے کی آسانیاں پیدا کرنے کی رینکنگ کوبہتر بنانے کے لئے ون ونڈو سہولت سنٹر کا آغاز کیا جائے ۔تعلیمی ادارے اور انڈسٹری کی مین پاور کی ضرورت کو ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی لیول تک نصاب کو اس طرح ٹرانسپلانٹ کیا جائے تاکہ یہاں کے گریجویٹس انڈسٹری کیلئے سود مند ثابت ہو ں۔ تعلیمی اداروں کی گورننگ باڈی میں پرائیویٹ سیکٹر کے پروفیشنل لوگوں کو شامل کیا جائے تا کہ عملی فوائد حاصل ہوں۔ تعلیمی اداروں ا ور صنعتوں کو ملکی معاشی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔تعلیمی اداروں اور صنعتوں کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور کی طرف سے ’’انڈسٹری اکیڈمیہ ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا جائے۔ ایف پی سی سی آئی تمام یونیورسٹیوں کے طلباء کی ہر ممکن مدد کرے گا اور انہیں انڈسٹری میں انٹرنشپ اور ٹریننگ کے بھرپور مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا ملک کی صنعتیں ہی قوم کو روزگار مہیا کرتی ہیں اور بد قسمتی سے ہم نے اس طرف بالکل بھی توجہ نہیں دی۔

مزیدخبریں