لاہور(نیورپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو نے وزارت توانائی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق 15مارچ سے آن لائن درخواستیں وصول کرنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام ایس ایز کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کے مطابق ایس ڈی او کے دفتر یا کسٹمر سروسز سنٹر میں آنے والے نئے بجلی کنکشن کے خواہشمند صارفین کی درخواست آن لائن جمع کی جاسکے گی۔ جس کے بعد صارف ڈیمانڈ نوٹس اور کنکشن کی تنصیب کے عمل کے حوالے سے تمام معلومات لیسکو کی ویب سائٹ www.lesco.gov.pkکے ذریعے حاصل کرسکیں گے۔مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکواپنے صارفین کی سہولت کے لئے بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔دوسری جانب لیسکو کی تمام فیلڈ فارمیشنز پورے ریجن میں بجلی کے مظبوط ترسیلی نظام اور صارفین کی پاور ڈیمانڈ کو پورا کرنے اورآئندہ موسم گرما سے قبل سسٹم کو درپیش تمام رکاوٹوں کے خاتمے کے لیئے کوشاں ہیں۔