لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی نے لوئر چناب کینال سسٹم فیصل آباد کے ایریا واٹر بورڈز میں کسان تنظیموں کے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے تحت لوئر چناب کینال شرقی ایریا واٹر بورڈ کی 85 کسان تنظیموں جبکہ غربی ایریا واٹر بورڈ کی 67 کسان تنظیموں کے مرحلہ وار الیکشن کروائے جائیں گے۔اس سلسلہ میں پیڈا کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔پیڈا ترجمان کے مطابق لوئر چناب کینال سسٹم کے دونوں ایریا واٹر بورڈز میں انتخابات کے عمل کی مجاز اتھارٹی سے باقاعدہ منظوری ہو چکی ہے ۔لوئر چناب کینال شرقی ایریا واٹر بورڈ میں 3875کھال پنچائتوں پر مشتمل 85 کسان تنظیموں کے الیکشن کروائے جائیں گے جن پر اخراجات کا تخمینہ 24 لاکھ 52 ہزار لگایا گیا ہے جبکہ لوئر چناب کینال غربی ایریا واٹر بورڈ میں 2725 کھال پنچائتوںپر مشتمل 67 کسان تنظیموں کے انتخابات کروائے جائیں گے جن پر کل اخراجات کا تخمینہ 20 لاکھ 53 ہزارروپے ہے۔ ترجمان کے مطابق انتخابات کا عمل کھال پنچائتوں کے الیکشن سے شروع ہو گا جس کے بعد کسان تنظیمیں بذریعہ الیکشن تشکیل پائیں گی۔ اس سلسلے میں الیکشن شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔جس پر عملدرآمد کے لئے دونوں ایریا واٹر بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق جنرل مینجر (ایڈمنسٹر یشن) تمام الیکشن کی نگرانی کریں گے۔