سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی باغی رہنما عائشہ گلالئی کی نااہلی کےلئے عمران خان کی دائر اپیل مسترد کردی۔ سپریم کورٹ میں عائشہ گلالئی کی نااہلی کےلئے عمران خان کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عائشہ گلالئی کی جانب سے کیا تحریری استعفیٰ آیا ہے؟۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی کا تحریری استعفا نہیں آیا تاہم انہوں نے میڈیا میں پارٹی سے استعفے کا اعلان کیا تھا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا کہا تھا لیکن کیا اعلان کے بعد ان کا استعفیٰ ہو گیا، اسی طرح عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس میں استعفا دینے کی بات کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیاسی لوگ ایسے بیانات دیتے رہتے ہیں ¾عدالت نے عمران خان کی اپیل مسترد کردی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ انہوں نے اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شیخ رشید کو ووٹ نہیں دیا تھا لہذا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر وہ آئین کے تحت اسمبلی رکنیت سے نا اہل ہوگئیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے عمران خان پر بدکردار شخص ہونے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی نے ان کی رکنیت معطل کردی ۔