لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس )پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ پشاور زلمی 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر سرفراز الیون کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں احمد شہزاد ایک رن بناکر ملز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ واٹسن اور احسن علی نے 111 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم 114 کے مجموعی سکور پر شین واٹسن 71 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ شین واٹسن 71، احسن علی 46 اور عمر اکمل 22 رنز بناکر نمایاں رہے۔ وہاب ریاض نے 2، حسن علی، ملز، ثمین گل اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم پہلی وکٹ 41 کے مجموعی سکور پر گری اور کامران اکمل 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 90 کے مجموعی سکور پر زلمی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی تاہم پولارڈ اور کپتان سیمی نے 83 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ دونوں کھلاڑیوں کی پارٹنرشپ کے باوجود زلمی کامیابی سے ہدف کا تعاقب نہ کرسکی اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ ڈیرن سیمی 46، پولارڈ 44 اور امام الحق 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔ محمد حسنین نے 2، روسو، احسن علی، واٹسن اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ شین واٹسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گلیڈی ایٹرز نے کوالیفائر میں فتح کے ساتھ ہی فائنل میں جگہ بنالی ہے اور یہ ٹیم تیسری بار فائنل کھیلے گی تاہم کوئٹہ اب تک کوئی لیگ نہیں جیت سکی ہے۔
پی ایس ایل4:کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پشاور زلمی کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی
Mar 14, 2019