الیکسن کمشن پارٹی تبدیل کرنے پر ڈپٹی مئیر کراچی ارشد ووہرا کو نااہل قرار دیدیا

اسلام آباد+کراچی (خصوصی نمائندہ+نیوزرپورٹر+آن لائن + آئی این پی) الیکشن کمشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان سے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے پر کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو نااہل قرار دیدیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نااہلی کیس کے فیصلے کی سماعت کی جہاں گزشتہ سماعت پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ الیکشن کمشن نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) چھوڑنے پر ارشدوہرہ کو ڈپٹی میئر کراچی کے عہدے سے نااہل قرار دیدیا۔ خیال رہے کہ ایم کیوایم سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے سیکشن 36 کے تحت ارشد وہرہ کے خلاف الیکشن کمشن میں درخواست دائر کی تھی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق نے الیکشن کمشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کو ایک اور فتح نصیب ہوئی۔ یہ فتح حق و سچ کی ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمشن نے اہم فیصلہ دیا ہے اور ارشد وہرہ کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پارٹی سے منحرف ہونے پر نااہل کیا گیا۔ فلور کراسنگ کرنا آب آسان نہیں ہوگا۔ میاں عتیق الرحمن نے مزید کہا کہ اس کیس میں حق و سچ کی فتح پر اپنی جماعت کے ساتھیوں کو مبارکباد دیتا ہوں اور اب ڈپٹی میئر کراچی اور ایم کیو ایم پاکستان سے ہوگا۔ ارشد وہرہ کے وکیل سید حفیظ الدین نے الیکشن کمشن کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمشن اور عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ارشد وہرہ کو منحرف ہونے پر نااہل کیا گیا۔ انہوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ارشد وہرہ کا نام ایم کیو ایم لندن نے دیا تھا اور ارشد وہرہ نے ایم کیو ایم لندن کی غداری کے باعث پارٹی تبدیل کی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی ڈپٹی میئر کے عہدے کے حوالے سے آنے والے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ماضی میں جن اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کی تھیں انہیں بھی جلد از جلد نااہل قرار دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن