ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرز قائم کرنیکا فیصلہ، نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام مرحلہ وار دیگر شروں تک بڑھائیں گے: عثمان بزدار

Mar 14, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدات وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ٹراما سنٹرز کے قیام اور ائیرایمبولینس سروس کے اجراء کے منصوبے کے حوالے سے سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹراما سنٹرز قائم کئے جائیں گے مرحلہ وار پروگرام کے تحت ٹراما سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ پنجاب میں موجود تمام ٹراما سنٹرز کو فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی بہت قیمتی ہے اور حادثات کی صورت میں فوری طبی امداد سے کسی بھی انسانی زندگی کو بچایا جا سکتا ہے۔ موٹر وے ایم ون اور ایم ٹو میں ٹراما سنٹرز کے قیام کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے اور جی ٹی روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کے قریب ٹراما سنٹرز کے قیام کا بھی جائزہ لیا جائے۔ ٹراما سنٹرز میںعلاج کے ساتھ ٹریفک اصولوں کی پابندی کے بارے میں شعور اور آگاہی پروگرام بھی شروع کیا جائے۔ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے منسلک سمارٹ ہسپتالوں کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سمارٹ ہسپتالوں میں مریض کی سہولت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس کا منصوبہ صرف حادثات ہی نہیں بلکہ ہنگامی حالات میں بھی مددگار ہوگا۔ ایئرایمبولینس سروس کے پراجیکٹ میں مخیر حضرات کی معاونت کا خیر مقدم کریںگے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں ہر 20منٹ میںحادثے کا شکار ہوکرایک شہری جاں بحق ہوجاتا ہے اور سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ماڈرن ٹراما سنٹرز کے قیام اور ایئرایمبولینس پراجیکٹ کیلئے 13رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر علی جاوید ہوں گے۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے ماڈرن ٹراما سنٹرز اورایئر ایمبولینس منصوبے کے خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔ پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی کی کارکردگی اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کم آمدن والے خاندانوں کے چھت کے خواب کو پورا کرے گا۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں اس پروگرام کے تحت لودھراں، چشتیاں اور رینالہ خورد میں گھر تعمیر ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا اور چنیوٹ کو نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گھر عوام کو چھت فراہم کرنا پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد، بہاولپور، بھکر اور لاہور میں نئی سائٹس کی نشاندہی کا کام جاری ہے۔ وزیراعلی کی صدارت میں ایک اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا اورجنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کی ترقی پر فوکس کیا جارہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 477 ترقیاتی منصوبوں پر 61 ارب 88 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں پر 85 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈی جی خان کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے جبکہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے بہادر کیمپس لیہ کی عمارت کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے گردوں کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میںکہا ہے کہ علاج اور احتیاطی تدابیرسے لاعلمی کی وجہ سے گردوں کے امراض میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں گردوں کے امراض کے علاج معالجے کیلئے سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے اور ا مریضوں کیلئے جدید علاج معالجہ مہیاکرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہے اور امن عامہ کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہوگا۔ پولیس کو روایتی انداز چھوڑ کر جدید تقاضوںکے مطابق جرائم کی بیخ کنی کرنی ہے اورپولیس کو عوام سے اپنا رویہ بہتر اورسائلین کی خدمت کو اپناشعار بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیتا ہوں۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کی نفری ڈیرہ غازی خان میں فراہم کردی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تونسہ شریف میں سیف سٹی کے تحت مددگار سنٹر اور خدمت سنٹر ایک بلڈنگ میں ہونگے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ تھانوں کی نئی بلڈنگز کیلئے مقامات کا تعین کیا جائے۔اجلاس میں آر پی او ڈیرہ غازی خان کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مزیدخبریں