ایف بی آر کے چھاپے، تاجر برادری نے لاہور چیمبر سے مدد طلب کرلی

Mar 14, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر) تاجر برادری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کاروباری مقامات پر مسلسل چھاپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں رکوانے کے لیے لاہور چیمبر سے مدد طلب کی ہے۔ قائداعظم انڈسٹری اسٹیٹ کے ایک وفد نے لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خرم الیاس کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقا ت کی اور انہیں آگاہ کیا کہ ایف بی آر کا عملہ قبل از وقت نوٹس دئیے بغیر کاروباری مراکز پر چھاپے مار اور صنعتکاروں کو ہراساں کررہا ہے جس سے کاروباری ماحول بری طرح خراب ہورہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب چیئرمین حافظ عمران، وائس چیئرپرسن مس مہوش، اقبال بیگ چغتائی ، شیخ محمد ایوب ، امجد علی جاوا اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد اس موقع موجود تھی۔وفد نے کہا کہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایسے سرگرمیاں کاروبار چلانے میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات معطل کریں اور فوری طور پر کاروباری مراکز پر چھاپے بند کروائے۔

مزیدخبریں