لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) آسٹریلوی ہائی کمشن کنیرڈ کالج گرلز کپ ٹورنامنٹ 2019ء کا ٹائٹل کنیئرڈ کرکٹ ٹیم نے جیت لیا۔ کنیئرڈ کالج میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل میں کنٹرڈ کلب نے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ٹیم کو 15 رنز سے شکست دی۔ کنیئرڈ کرکٹ کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ چھ اوررز میں 60 رنز سکور کیے جواب میں سنٹرل ماڈل سکول کی ٹیم 45 رنز بنا سکی۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 16 بچیوں نے حصہ لیا۔ میچ کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن تھی جبکہ اس موقع پر کنیئرڈ کالج کی پرنسل رخسانہ ڈیوڈ، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور سمیت دیگر آفیشلز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان اور آسٹریلیا کے لیے ایک مشترکہ جنون ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم کنیئرڈ کالج برائے خواتین اور پی سی بی کے ساتھ ملکر کرکٹ کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور کھیل کے ذریعہ صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے اس کپ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ خوشی اس بات کی بھی ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے کوچز نے ٹورنامنٹ میں شریک بچیوں کو ٹریننگ دی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کی کپتان کو ٹرافی کے ساتھ پوری ٹیم میں میڈلز تقسیم کیے۔ شین واٹسن پی ایس ایل کے پاکستان میچز میں ان ایکشن ہیں امید ہے جلد انٹرنیشنل کرکٹ ملک میں مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔