لاہور(نمائندہ خصوصی) ماحولیاتی تغیرات سے متعلق سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلیاں اس وقت ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے کیونکہ یہ انسانی زندگی کو براہ راست متاثر کر رہی ہیں۔ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف زرعی مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیںجو آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کر ینگے۔ زرعی پیداوار میں کمی کی وجہ سے جہاں خواراک کے مسائل پیدا ہو رہے ہیںوہاں اس کے نتیجے میں غربت میں اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ماحولیات کو اپنی اولین ترجیحات کا حصہ بناتے ہوئے نہ صرف بجٹ میں اضافی رقم مختص کی بلکہ اس حوالے سے اقدامات کو بھی تیزتر کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میںکلین اینڈ گرین پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے ۔ پر امید ہیں کہ بہت جلد درخت لگانے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن ، وزیر اعلی عثمان بزدار کی انتھک محنت اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی کے تجربے سے بہت جلد تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ ماحولیاتی اثرات پر کنٹرول کے لیے پروجیکٹس بھی ترتیب دئیے جا رہے ہیں ۔ بالخصوص پنجاب نے بطور زرعی صوبہ مسئلے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ایسے اقدامات کا آغاز کیا ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات پر قابو پاسکے۔ حکومت پنجاب فصلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے پیش بندی کر رہی ہے تاکہ عوام کو غذائی قلت سے محفوظ رکھا جا سکے۔