اسلام آباد( خصوصی رپورٹر ) سپریم کورٹ نے شہری علاقوں میں پٹواریوں کا کردار ختم کرنے کے فیصلے پر وفاقی و صوبائی حکومتوں سے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ شہری علاقوں میں پٹواریوں کا کردار ختم ہونے پر نظرثانی درخواست پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربرا ہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ کے پی میں شہری اور دیہی علاقوں کی حدبندی کر رہے ہیں، شہری علاقوں میں زمین کی رجسٹریاں ہو رہی ہیں، بلوچستان حکومت نے نظرثانی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوے موقف اپنایا کہ نظرثانی درخواست زائد المعیاد ہے، خارج کی جائے، جس پر جسٹس عمر عطابندیال نے کہاآئندہ سماعت پر نظرثانی درخواست کے قابل سماعت ہونے کا جائزہ لینگے۔