وزیراعظم کی تمام متعلقہ حکام کوعوام کی صحت کےتحفظ کیلئےجامع اورمربوط قومی حکمت عملی وضع کرنےکی ہدایت

Mar 14, 2020 | 15:57

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے قوم پرزوردیاہے کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے حوالے سے مثبت کرداراداکرنے کے لئے متحدہوجائے۔انہوں نے یہ بات قومی سلامتی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو ملک میں کوروناوائرس سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال اوراس کے تدارک کے لئے کئے گئے اقدامات کاجائزہ لینے کے لئے بلایاگیاتھا۔وزیراعظم نے کہاکہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں اورہم متحدہوکرمشترکہ طورپراحتیاطی اقدامات کے ذریعے اس وباء سے نمٹنے کی کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ پاکستانی عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے جامع اور مشترکہ قومی حکمت عملی وضع کی جائے ۔وزیراعظم نے عوام پرزوردیاکہ وہ حفظان صحت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری اوراحتیاطی اقدامات پرعمل کریں اورحکومت پراعتمادرکھیں کیونکہ عوام کی صحت اورزندگیوں کاتحفظ اس کی اولین ترجیح ہے۔  قومی سلامتی کمیٹی کے تفصیلی جائزے کی روشنی میں متعددفیصلے کئے گئے جن پرفوری عملدرآمد کیاجائے گا۔اجلاس میں ایک قومی رابطہ کمیٹی قائم کرنے کافیصلہ کیاگیا جو کوروناوائرس سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے گی اورروزانہ کی بنیاد پرضروری فیصلے کرے گی۔کمیٹی میں تمام صوبوں اور متعلقہ سول اورفوجی حکام کی نمائندگی ہوگی۔قدرتی آفات سے نمٹنے کاقومی ادارہ اس حوالے سے فعال کردارادا کرے گا اوراحتیاطی اورقابل علاج اقدامات پرضروری عملدرآمدکے لئے صوبائی اورضلعی حکام کے ساتھ رابطے کاکام کرے گا۔ملک بھرمیں تمام سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے تین ہفتے کے لئے بندکرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔مغربی سرحددوہفتے کے لئے آمدورفت اورتجارتی نقل وحمل کے لئے بندکردی جائے گی۔کرتارپورراہداری پاکستانیوں کے لئے بندکردی جائے گی تاہم بھارتی یاتریوں کوآنے کی اجازت ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ تمام بین الاقوامی پروازوں کوصرف کراچی، لاہوراوراسلام آباد کے ہوائی اڈوں سے آنے اورجانے کی اجازت ہوگی۔تمام عوامی اجتماعات پرفوری طورپرپابندی عائد کردی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اورصوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ تین ہفتوں کے لئے دیوانی نوعیت کے مقدمات کی سماعت نہ کرنے کی ہدایات جاری کریں۔

مزیدخبریں