سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کورونا وائرس کے سلسلے میں حکومتِ سندھ کے اقدامات کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ میں 12 آئسولیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ 1024 فلیٹس کو قرنطینہ سینٹرز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، 308 زائرین کو سکھر قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بیک وقت 2048 افراد کو قرنطینے میں رکھنے کی گنجائش ہو گی، قرنطینہ کے لیے بنائے گئے سینٹر میں 2 عمارتوں کو آئسولیشن وارڈ بنایا جائے گا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں مجموعی طور پر 12 آئسولیشن سینٹرز بنائے گئے ہیں، سندھ حکومت نے 2مختلف مقامات پر اس معاملے سے نمٹنے کے لیے 2 اسپتال مختص کئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان آئسولیشن سینٹرز کو 16 وینٹی لیٹرز فراہم کر دیے گئے ہیں، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ خود صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے مزید بتایا کہ مضافاتی علاقے میں 100 بستروں پر مشتمل ایک اسپتال کو آئسولیشن کے طور پر مختص کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئسولیشن کے لیے مختص کیا گیا دوسرا اسپتال 120 بستروں پر مشتمل ہے، دونوں آئسولیشن سینٹرز میں 16 وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔