کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان جون ایلیاء لان میں چوتھے ’’سندھ لٹریچر فیسٹیول‘‘ کے پہلے روز ’’سماج سے میرا بچپن بچاؤ‘‘ پر بچوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، ڈرامے کامقصد کم عمری میں بچیوں کی شادی اور ان پرہونے والا ظلم و ستم دکھایاگیا، اس موقع پر صادقہ صلاح الدین نے کہاکہ یہ ڈرامہ کسی نے نہیں لکھا اور سب نے لکھا ہے ، یہ سب کی کہانی ہے بچے اس دنیا کو کس طرح دیکھ رہے ہیں اور ان کے کیا مسائل ہیں، فرزانہ اور اسلام نے اس کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا ہے، اسٹیج پر موجود بچیوں اور بچوں نے اپنی پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے، فیسٹیول کے آخر میں آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی (ایکما بینڈ) جن میں آفاق عدنان، ارمان رحیم، مصطفی بلوچ، شاہد رحمن، شمس العارفین، ذیشان پرویز اور مزمل نے شاندار میوزیکل پروگرام پیش کیا ۔