کراچی کا ضمنی الیکشن، تحریک انصاف حکومت کے خاتمے کا نکتہ آغاز ہو گا: مفتاح اسماعیل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویڑن کا اجلاس، ڈویڑن کے جنرل سیکریٹری ناصر الدین محمود کی زیرصدارت مسلم لیگ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ جس میں NA-249 سے پارٹی کے امیدوار و سندھ کے جنرل سیکٹریری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی ڈویڑن کے عہدیداران حاجی شرافت اکاخیل، راجہ سعید، محمد اکرم اعوان، محسن جاوید، نعیم کامران، قاضی ذاہد، کراچی کے اضلاع کے صدور ندیم اختر آرائیں، سلطان بہادر، امتیاز احمد خان، اسلم خٹک ایڈوکیٹ، حاجی صالحین تنولی، جنرل سیکریٹریز حاجی اقبال، حاجی شاہ جہاں بلوچ، سردار نزیر، رانا وارث، ملک شیر احمد اعوان اور طارق محمود شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں ہونے والا ضمنی الیکشن تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کا نکتہ آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے کراچی کی 14 نشستوں سے اقتدار حاصل کیا لیکن کراچی اور اس کے عوام کو جس طرح نظر انداز کیا اب کراچی کے عوام بھی اسی طرح ان سے اپنی ناراضگی کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی کے لیے اربوں روپے کے پر کشش پیکیج کے اعلانات تو کئے لیکن اس میں سے ایک دھیلہ بھی ادا نہیں کیا گیا جبکہ نواز شریف نے کراچی کو اربوں روپے فراہم کئے اور متعدد منصوبے بنائے۔ علی اکبر گجر نے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کو پارٹی ٹکٹ ملنے پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان پوری تندہی اور جانفشانی سے انتخابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ زمانے گئے جب عوام کے ووٹ چوری کیے جاتے تھے اب عوام ووٹ بھی دیں گے اور اس پر پہرہ بھی دیں گے۔ناصر الدین محمود نے  NA-249 میں  پارٹی کی طرف سے نامزد امیدوار ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا زبردست انداز میں  خیر مقدم کیا اور کراچی ڈویڑن کی طرف سے انتخابات کے لیے منظم اور بھرپور کمپین چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ تاریخی طور پر مسلم لیگ (ن) کا حلقہ ہے ماضی میں دھونس، دھمکی اور شدید دھاندلی کی وجہ سے یہ حلقہ مسلم لیگ (ن) سے چھینا گیا تھا لیکن اب اس حلقے کے عوام اپنی روایتی سیٹ واپس لے کر قائد میاں محمد نواز شریف اور صدر میاں محمد شہباز شریف کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویڑن کی پوری تنظیم اس الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور جسے جو ذمہ داری سونپی جائے گی وہ اسے پوری متانت کے ساتھ ادا کرے گا۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور بعدازاں مربوط حکمت عملی طے کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن