لاہور(کامرس رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں ادارے کروناوائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے مشترکہ کردار ادا اور ہیلتھ کیئر کو فروغ دیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے دستخط کیے جبکہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، ایگزیکٹو کمیٹی رکن حاجی محمد آصف سحر و دیگر بھی اس موقع پر بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور چیمبر کے ممبران، ان کے اہل خانہ، سٹاف ممبر اور میڈیا کے لوگوں کو ویکسینیشن دے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے خطاب میں کہا کہ کرونا کی وبا کے مکمل خاتمے کے لیے کم از کم 75 فیصد آبادی کوویکسین لگانا ہوگی۔انہوں نے لاہور چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے مختلف بیماریوں کی ویکسینیشن کی جائے گی جبکہ ایک فوکل پرسن بھی مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بحران ایک موقع لیکر آتا ہے، کرونا کی ویکسین امید کی کرن ہے۔ انہوں نے اس وبا کو تیسری جنگ عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 30 لاکھ افراد اس کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر میاں طارق مصباح نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے لاہور چیمبر کے ممبران کے لیے مختلف خدمات کی پیشکش کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ہیلتھ کیئر ڈلیوری کے حوالے سے خاص طور پر کرونا کی وبائی بیماری سے نمٹنے کے سلسلے میں کردار ادا کرے۔