لاہور (خصوصی نامہ نگار)کشمیری بھائیوں کیلئے لاہور سے شروع ہونیوالا پاکستان سنی تحریک کا ٹرین مارچ کراچی پہنچ گیا ۔ کراچی ریلوے سٹیشن پر خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے مرکزی رہنماء محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ہمارے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں ، کشمیر کی آزادی جدوجہد میں سنی تحریک کے کارکنان پاک فوج کے ساتھ ہیں ،صدائے کشمیر ٹرین مارچ کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجوڑنا ہے۔ رکن مرکزی رابطہ کمیٹی فہیم الدین شیخ نے کہا کہ صدائے کشمیر ٹرین مارچ نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے۔قبل ازیںصدائے کشمیر ٹرین مارچ کراچی کینٹ سٹیشن پہنچا تو مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور کراچی ڈویژن کے عہدیداران نے شاندار استقبال کیا ۔ مارچ کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، کشمیر بنے گا پاکستان لے کر رہیں گے آزادی کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔