لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آئندہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کیلئے حکومت آج بھی قانون سازی کے لیے تیار ہے۔ صادق سنجرانی مکمل طور پرشفاف طر یقے سے چیئر مین سینٹ بنے ہیں۔ پی ڈی ایم چیئرمین سینٹ کے الیکشن کے معاملے پر کسی بھی فورم پر جانا چاہتی ہے تو بے شک چلی جائے۔ وہ ہفتہ کے روز گورنر ہائوس میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور، نامور گلوکارہ حمیرا ارشد اور ماضی کی نامور اداکارہ نشو بیگم سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جب تک سینٹ انتخابات کے لیے اوپن بیلٹ نہیں ہوگی سینٹ الیکشن کیلئے اسی طرح منڈیاں لگتی رہیں گی اور الیکشن بھی متنازعہ ہوتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے اور اگر چیئر مین سینٹ کے الیکشن کے حوالے سے کسی بھی عدالت سے کوئی فیصلہ آئے گا تو یقینی طور پر سب اس کا بھی احترام کر یں گے۔ اپوزیشن کو بھی شور مچانے کی بجائے کھلے دل سے ان نتائج کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے خواتین کو روزگار کے مواقعے فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے ہی