اپوزیشن 26مارچ کے لانگ مارچ پر نظر ثانی کرےـ گور نر پنجاب

Mar 14, 2021 | 21:23

ویب ڈیسک

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے اپوزیشن سے 26مارچ کے لانگ مارچ پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانیوالے  ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ,وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کیخلاف تحر یک عدم اعتما د کا کوئی خطرہ نہیں, میں پنجاب حکومت کیخلاف پی ڈی ایم کا کوئی احتجاجی ریلا بھی نہیں دیکھ رہا,بے نظیر بھٹو کی شہادت پر پیپلزپارٹی نے ملکی مفاد میں پاکستان کھپنے کا نعرہ لگایا,اپوزیشن جماعتوں کو سب سے پہلے ملکی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے ۔ اتوار کے روز ریس کلب لاہور کے دورہ کے موقعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں اس وقت ہو ش سے نہیں جوش کیساتھ سیاست کر رہی ہے اور یہ لوگ ہر معاملے میں قومی اداروں کو متنازعہ بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں, (ن) لیگ کے جاوید لطیف کا بیان ملکی مفادات کے بر عکس ہے اور پوری قوم میں اس بیان کیخلاف شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے ۔چوہدری محمدسرور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی شک نہیں پاکستان میں کورونا کے کیسزمیں بہت تیزی کے ساتھ خطر ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ان حالات میں اپوزیشن کالانگ مارچ کر نا یقینی طور پر کورونا کے پھیلائو کے حوالے سے بھی خطر ناک ہوگا اس لیے میں اپوزیشن سے کہنا چاہتاہوں کہ وہ کورونا کے خطرات کے پیش نظر 26مارچ کے لانگ مارچ کے اعلان پر نظر ثانی کر ے ,مجھے امید ہے اپوزیشن اپنی سیاست کے لیے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالے گی ۔گور نر پنجاب نے کہا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا اس وقت بھی پیپلزپارٹی بدتر ین ناانصافی کے باوجود ملک وقوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے کیونکہ ہرپاکستانی پر لازم ہے کہ وہ سب سے پہلے ملکی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے جہاں تک (ن) لیگ کی قیادت کو دھمکیاں ملنے کا تعلق ہے اس حوالے سے  انکی پارٹی ہی بتا سکتی ہے کہ اصل معاملہ کیا ہے مگر حالات جو بھی ہوں (ن) لیگ کو بھی ملکی مفادات کو ہی تر جیح دینی چاہیے, سیاسی قیادت سمیت عوام کے جان ومال کاتحفظ حکومتی ذمہ داری ہے اور انشاء اللہ ہم اس تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔گور نر پنجاب نے چیئر مین سینٹ کے نتائج کو اپوزیشن کی جانب سے عدالت میں چیلنج کر نے کے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم کو کھلے دل سے چیئر مین سینٹ کے نتائج کو تسلیم کر نا چاہیے کیونکہ صادق سنجرانی آئین وقانون کے مطابق چیئر مین سینٹ کا الیکشن جیتے ہیں اور اپوزیشن اس معاملے کو متنازعہ نہ بنائے ۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کیخلاف اپوزیشن کی کسی تحر یک عدم اعتماد کا کوئی خطر ہ نہیں, وزیر اعظم عمران خان سمیت پوری پارٹی وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ کھڑی ہے, ہم عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے. ۔

مزیدخبریں