ملتان (خبر نگار خصوصی) ملتان پولیس و ضلعی انتظامیہ نے اہلیانِ ملتان کو راہزنوں ، ڈکیتوں اور لٹیروں کے سپرد کررکھا ہے۔ دن کا اجالا ہو یا رات کا اندھیرا، شہری کسی بھی وقت لوٹ مار سے محفوظ نہیں۔ اس ضمن میں جہاں محکمہ پولیس کی کارکردگی زیرو ہے وہاں ضلعی انتظامیہ بھی اپنی نااہلیت ثابت کرنے میں بھی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔ سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کے سبب شہر کا نوے فیصد علاقہ تاریکی میں ڈوبا رہتا ہے۔ شہر کی اہم شاہراوں و رہائشی علاقوں میں روشنی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے سرِ شام ہی لٹیرے شہر پر قابض نظر آتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ محکمہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے اور شہریوں کو راہزنوں ، ڈکیتوں اور لٹیروں سے مستقل نجات دلانے کے لئے حکمت عملی اختیار کریں ان خیالات کا اظہار شہری حقوق کونسل کے عہدے داران معظم کامران خان بابر‘ ڈاکٹر فاروق لنگاہ اور عرفان الحق حقانی‘ ملک فیض رسول رجوانہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔