واشنگٹن (این این آئی) امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جو یہ ظاہر کریں کہ غیر مسلح سپر سونک بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا حادثہ نہیں تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ہمارے پاس اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ یہ واقعہ حادثے کے علاوہ کچھ تھا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا واقعہ سے بھارت‘ پاکستان کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید بگڑ سکتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں مزید بیان کے لیے ہم آپ کو بھارتی وزارت دفاع سے رجوع کرنے کا کہیں گے، مزید پوچھے جانے پر امریکی ترجمان نے کہا تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایک میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا۔ یہ واقعہ جہاں انتہائی افسوسناک ہے وہیں یہ بات بھی قابل اطمینان ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بھارتی میزائل حادثاتی طور پر فائر ہوا ، کوئی اشارہ نہیں واقعہ کچھ اور تھا ، امریکہ
Mar 14, 2022