عدم اعتماد ، ریکوزیشن پر دستخطوں کی تصدیق مکمل ، تحریک با ضابطہ قرار 

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضابطہ کے مطابق قرار دے دی۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن پر اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد پر کسی بھی رکن کے دستخط مشکوک یا رول آف سائن کے خلاف نہیں نکلے‘ جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضابطہ کے مطابق قرار دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے تمام ضوابط پورے کرنے کے بعد فائل سپیکر کو بھجوا دی ہے اور ساتھ ہی سپیکر قومی اسمبلی کو 22 مارچ سے قبل کسی بھی دن اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانا ایک آئینی تقاضا ہے جس میں انحراف نہیں کیا جا سکتا۔ پہلا مرحلہ ریکوزیشن پر دستخطوں کی تصدیق اور دوسرا عدم اعتماد کی تحریک پر دستخطوں کی تصدیق کا تھا۔

ای پیپر دی نیشن