عمران الحجرات کی آیت 11 پڑھ لیتے تو دوسروں کو برے القابات سے نہ پکارتے: شجاعت 

اسلام آباد(خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کے سیاسی لیڈروں کے نام بگاڑنے پر تبصرہ کرتے ہوئے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو سورۃ الحجرات کی آیت نمبر 11 کا ترجمہ پڑھنا چاہیے۔ اپنے پیغام میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی تو ہمیشہ بات کرتے ہیں لیکن اچھا ہوتا وہ قرآن پاک کی سورۃ الحجرات کی آیت نمبر گیارہ ترجمہ کے ساتھ پڑھ لیتے تو وہ اپنے جلسوں میں سیاسی لیڈروں پر الزامات لگانے کے ساتھ ساتھ انہیں برے ناموں اور القاب سے نہ پکارتے۔سربراہ ق لیگ کا کہنا تھا کہ آیت کا مفہوم ہے، اے ایمان والو! نہ تو مرد دوسرے مردوں کا مذاق اڑائیں، ہوسکتا ہے کہ وہ (جن کا مذاق اڑا رہے ہیں) خود ان سے بہتر ہوں، اور نہ دوسری عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں، ہوسکتا ہے کہ وہ (جن کا مذاق اڑا رہی ہیں) خود ان سے بہتر ہوں اور تم ایک دوسرے کو طعنہ نہ دیا کرو، اور نہ ایک دوسرے کو برے القاب سے پکارو۔ ایمان لانے کے بعد گناہ کا نام لگنا بہت بری بات ہے۔ اور جو لوگ ان باتوں سے باز نہ آئیں تو وہ ظالم لوگ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا تمام سیاستدانوں کو مشورہ ہے کہ سیاست میں شائستگی اور رواداری کا دامن نہ چھوڑا جائے۔

ای پیپر دی نیشن